کاروار6؍مئی (ایس او نیوز) ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے بتایا ہے کہ 12مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ضلع شمالی کینراکے چھ اسمبلی حلقوں میں جملہ 1438بوتھس کا انتظام کیا گیا ہے۔جہاں صبح 7بجے سے شام 6بجے تک ووٹرس اپنا ووٹنگ کاحق استعمال کر سکیں گے۔
ڈی سی نے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہر بوتھ کے لئے دیہی علاقوں میں 1300اور شہری علاقوں میں 1400ووٹرس کی حد مقرر کردی گئی ہے۔کاروار میں ایک اور بھٹکل حلقے میں تین اضافی پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔24مارچ 2018میں تیار کی گئی قطعی فہرست کے مطابق ضلع شمالی کینرا میں 1145618ووٹرس موجود ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ضلع کے اندر صد فی صد باتصویر ووٹر آئی کارڈس فراہم کیے گئے ہیں۔ اور تمام تحصیلداروں کو فوٹو آئی ڈی والی ووٹر سلپ شائع کرکے پہنچائی گئی ہے۔ یہ ووٹر سلپ ووٹنگ سے 7دن قبل ووٹروں تک پہنچانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نابینا افراد کے لئے ضلع میں پہلی مرتبہ برائیل تحریر میں ووٹنگ کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ معذوروں کے لئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔جس علاقے میں معذوروں کی تعداد زیادہ ہے وہاں پر ایک پولنگ بوتھ ماڈل کے طور پر نیلے رنگ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو معذوروں کے لئے خاص ہوگا۔ ایک سروے کے مطابق ضلع میں اس وقت 13680معذور ووٹرس موجود ہیں۔اس کے علاوہ پولنگ بوتھس میں ہوا، کرسی، پینے کا پانی، فرسٹ ایڈ کی سہولت اور معذوروں کے لئے ریامپ وغیرہ کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔
مسٹر نکول کے مطابق ہر ودھا ن سبھا حلقے میں 2پولنگ بوتھ ہونگے جسے ’سَکھی‘ گلابی ماڈل بوتھ کہا جائے گا۔ یہ بوتھ خواتین کے کے لئے مخصوص ہونگے ۔یہ طریقہ بھی ریاست میں پہلی بار اپنایا جارہا ہے۔جن علاقوں میں خواتین ووٹرس کی تعداد زیادہ ہوگی ، وہاں پر ایسے بوتھ قائم کیے جائیں گے۔اس طرح کے جملہ 12بوتھس ضلع میں موجود رہیں گے۔